محرم الحرام کے چاند سے متعلق اہم پیشگوئی، نیا اسلامی سال کب شروع ہوگا؟

Pakistan SCO Summit 2026

رویت ہلال ریسرچ کونسل نے پاکستان میں نئے اسلامی سال کے آغاز یعنی محرم الحرام کے چاند کی رویت سے متعلق پیشگوئی جاری کر دی ہے جس کے مطابق رواں برس محرم کے چاند کی رویت کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق نیا چاند 15 جون 2026ء کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 54 منٹ پر پیدا ہوگا تاہم اسی روز غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر ملک کے مختلف حصوں میں 12 گھنٹوں سے بھی کم ہوگی۔

ہلال کی رویت کے لیے عمومی طور پر چاند کی عمر کم از کم 18 گھنٹے یا اس سے زیادہ ہونا ضروری سمجھی جاتی ہے جبکہ اس سے کم عمر چاند کا انسانی آنکھ سے دیکھنا انتہائی مشکل ہوتا ہے۔

خالد اعجاز مفتی نے بتایا کہ غروب آفتاب اور غروب قمر کے درمیان وقفہ بھی رویت کے عمل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ 15 جون کی شام کراچی میں یہ فرق 37 منٹ جبکہ پشاور میں 42 منٹ تک ہوگا تاہم چاند کی کم عمر کے باعث اس بار ہلال کی رویت کے امکانات موجود نہیں ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ فلکیاتی حسابات کے مطابق مطلع صاف ہونے کے باوجود بھی 15 جون کی شام ہلال کو ننگی آنکھ، دوربین یا ٹیلی سکوپ کے ذریعے دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔

رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق اگر 30 ذوالحجہ 1447 ہجری مکمل ہوتی ہے تو یکم محرم الحرام 1448 ہجری کا آغاز بدھ 17 جون 2026ء کو متوقع ہے، تاہم اس کا حتمی اور شرعی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔

نئے اسلامی سال کے آغاز کا فیصلہ ہمیشہ رویت ہلال کمیٹی کی شہادتوں اور سرکاری اعلان کے بعد ہی حتمی تصور کیا جاتا ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top