انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کھیل کو مزید بہتر اور جدید بنانے کے لیے کرکٹ قوانین میں بڑی اور تاریخی تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے۔
بھارت میں منعقدہ آئی سی سی بورڈ کے اہم اجلاس میں کرکٹ قوانین، خواتین کی کرکٹ اور کرکٹ کینیڈا کی رکنیت سمیت متعدد اہم اور دور رس فیصلے کیے گئے ہیں جن سے کھیل کے میدان میں نمایاں تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی۔
نئے منظور شدہ قوانین کے تحت اب ٹیسٹ میچوں کے دوران دونوں ٹیموں کی باہمی رضامندی سے گلابی گیند (پنک بال) کا استعمال کیا جا سکے گا جس سے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچوں کے انعقاد میں آسانی ہوگی۔
اس کے علاوہ امپائرنگ کے معیار کو مزید شفاف بنانے کے لیے مشکوک بولنگ ایکشن کے جائزے کے دوران امپائرز کو ہاک آئی ڈیٹا تک براہِ راست رسائی کی منظوری بھی دے دی گئی ہے، جبکہ لیگ سائیڈ وائیڈ کے آزمائشی قانون کو اب مستقل طور پر کھیل کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔
خواتین کرکٹ کے حوالے سے بھی اجلاس میں ایک بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے جس کے تحت ویمنز چیمپئنز ٹرافی 2027 کے شیڈول میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔ یہ ٹورنامنٹ اب جون اور جولائی کی بجائے 14 سے 28 فروری کے دوران کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب آئی سی سی نے انتظامی بے ضابطگیوں پر سخت ایکشن لیتے ہوئے کرکٹ کینیڈا کی رکنیت معطل کر دی ہے، تاہم کینیڈا کی قومی ٹیمیں اس معطلی کے باوجود آئی سی سی کے آفیشل ایونٹس میں شرکت کر سکیں گی۔
بورڈ کے اجلاس میں دنیا بھر میں فرنچائز کرکٹ کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ اور اس کے بین الاقوامی کرکٹ پر اثرات پر گہری تشویش کا اظہار بھی کیا گیا۔
اس کے ساتھ ہی بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے انتظامی امور اور وہاں کے انتخابی عمل کا جائزہ لینے کے لیے آئی سی سی بورڈ کے دو نمائندے جلد بنگلہ دیش کا دورہ کریں گے جہاں وہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے تفصیلی بات چیت کر کے رپورٹ پیش کریں گے۔





