گلگت بلتستان کے مشہور سیاحتی مقام فیئری میڈوز جانے والے سیاحوں کی گاڑی چلاس کے علاقے میں گہری کھائی میں جا گری ہے جس کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس، ریسکیو اہلکار اور آس پاس کے لوگ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
پولیس حکام کے مطابق حادثے کے نتیجے میں سات افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے جن کی لاشوںکو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں گاڑی کے ڈرائیور ضیاء اللہ شامل ہیں جن کا تعلق داریل دیامر سے ہے جبکہ سیاحوں میں سے اب تک علی اور سجاد نامی افراد کی شناخت ہو سکی ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے آبائی علاقوں اور ان کی شناخت کے حوالے سے معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ دشوار گزار پہاڑی راستے پر گاڑی کے بے قابو ہونے کی وجہ سے پیش آیاتاہم انتظامیہ کی جانب سے واقعے کی مکمل تفتیش جاری ہے۔





