پاکستان کو 41 رنز سے شکست، آسٹریلیا نے ون ڈے سیریز 1-1 سے برابر کردی

لاہور: قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 41 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔

میچ میں پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور آسٹریلوی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ مہمان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز اسکور کیے۔

آسٹریلیا کی جانب سے کیمرون گرین 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ جوش انگلس نے 51 اور میٹ رنشا نے 43 رنز کی اہم اننگز کھیلیں۔

پاکستان کی طرف سے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حارث رؤف، عرفات منہاس اور ابرار احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

232 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکی اور پوری ٹیم 44 اوورز میں 190 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

یہ بھی پڑھیں : پاک آسٹریلیا دوسرا ونڈے آج کہاں کھیلا جائیگااور میچ کس وقت شروع ہوگا؟ جانئے

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے مزاحمت کرتے ہوئے ناقابل شکست 71 رنز اسکور کیے، تاہم وہ ٹیم کو کامیابی دلانے میں ناکام رہے۔ ان کے علاوہ غازی غوری نے 37 اور عرفات منہاس نے 33 رنز کی اننگز کھیلیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن ایلس نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ میتھیو شارٹ نے 3 پاکستانی بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس کامیابی کے بعد پاکستان کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل تھی، تاہم دوسرے میچ میں آسٹریلیا کی فتح کے بعد تین ون ڈے میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی ہے۔

Scroll to Top