توانائی کے موجودہ بحران کے دوران پاکستان کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے، ضلع سانگھڑ سے تیل اور گیس کا نیا ذخیرہ دریافت کر لیا گیا ہے۔
ترجمان او جی ڈی سی ایل کے مطابق یہ دریافت بوبی مائننگ لیز کے بوبی ڈیپ ون کنویں سے ہوئی ہے۔ او جی ڈی سی ایل نے اس اہم پیشرفت سے حکومت اور شیئر ہولڈرز کو آگاہ کر دیا ہے۔
بیان کے مطابق کنویں سے یومیہ تقریباً 2 ہزار بیرل تیل حاصل ہونے کی توقع ہے، جبکہ گیس کی ابتدائی پیداوار کا تخمینہ 11 لاکھ اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ یومیہ لگایا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کنویں کو سمبڑ فارمیشن میں 3 ہزار 305 میٹر تک کھودا گیا، اور ماہرین کے مطابق حاصل ہونے والی تیل کی مقدار قابلِ ذکر ہے۔
او جی ڈی سی ایل کے مطابق اس دریافت سے ملک میں تیل اور گیس کی طلب و رسد کے فرق کو کم کرنے میں مدد ملے گی، جس سے توانائی کے شعبے میں بہتری کی امید پیدا ہوئی ہے۔





