آسمان پر چھایا بادلوں کا راج، راولپنڈی اسلام آباد میں خوشگوار موسم کی انٹری

آسمان پر چھایا بادلوں کا راج، راولپنڈی اسلام آباد میں خوشگوار موسم کی انٹری

راولپنڈی اور اسلام آباد میں اچانک موسم نے کروٹ لے لی، آسمان پر کالی گھٹائیں چھا گئیں جبکہ مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ بارش کے ساتھ چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں نے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی کردی جس کے باعث جڑواں شہروں کا موسم خوشگوار ہوگیا۔

خوشگوار موسم سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے اور لوگوں نے بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کا بھرپور لطف اٹھایا۔ مختلف شاہراہوں اور بازاروں میں معمول کے مطابق آمدورفت جاری رہی جبکہ کئی شہری تفریحی مقامات کا رخ کرتے بھی دکھائی دیے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے درجہ حرارت مزید کم ہونے اور موسم خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے ممکنہ صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے نالہ لئی سمیت نشیبی علاقوں کی مسلسل نگرانی شروع کر دی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ ادارے تیار ہیں جبکہ بارش کے دوران نکاسی آب کے نظام پر بھی کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

شہریوں نے موسم کی خوشگوار تبدیلی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ گرمی کی شدت میں مزید کمی کا باعث بنے گا۔

مزید یہ کہ محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید بارشوں، گرج چمک اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے۔ پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تیز بارش متوقع ہے، جبکہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم بالائی سندھ کے چند اضلاع میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے معمولات زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Scroll to Top