خام تیل کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں، آج پھر مزید اضافہ ریکارڈ

خام تیل کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں، آج پھر مزید اضافہ ریکارڈ

امریکا اور ایران کے درمیان ایک دوسرے پر میزائل حملوں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دنیا بھر کی مالیاتی منڈیوں میں بھی غیر یقینی صورتحال دیکھی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل 98 ڈالر فی بیرل جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) 95 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث توانائی کی عالمی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

دوسری جانب ایشیائی اور یورپی اسٹاک مارکیٹوں میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی مندی کا رجحان برقرار رہا اور ہنڈرڈ انڈیکس 831 پوائنٹس کی کمی کے بعد ایک لاکھ 70 ہزار 190 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

عالمی مارکیٹوں میں جرمنی، فرانس، برطانیہ، ہانگ کانگ اور بھارت کی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی مندی ریکارڈ کی گئی، جبکہ جاپان کے نکئی انڈیکس نے مثبت کارکردگی دکھاتے ہوئے 2 فیصد سے زائد اضافہ کیا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی تو خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

Scroll to Top