پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ایسے تمام شہریوں کو سخت خبردار کیا ہے جن کے نام پر رجسٹرڈ ذاتی موبائل سم کسی دوسرے شخص کے استعمال میں ہے۔
ترجمان پی ٹی اے کی طرف سے جاری کردہ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ اپنی موبائل سم کسی اور کو دینا ایک قابلِ سزا جرم ہے، کیونکہ آپ کے نام پر رجسٹرڈ سم کے ذریعے کوئی بھی غیر قانونی یا مجرمانہ سرگرمی انجام دی جا سکتی ہے جس کے ذمہ دار آپ ہوں گے۔
بیان میں شہریوں کی رہنمائی کے لیے کہا گیا ہے کہ آپ کے شناختی کارڈ پر اس وقت کتنی سمیں رجسٹرڈ ہیں، یہ جاننے کے لیے پی ٹی اے کی آفیشل ویب سائٹ cnic.sims.pk وزٹ کریں۔
اس کے علاوہ شہری اپنے نام پر رجسٹرڈ سموں کی تعداد معلوم کرنے کے لیے اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر (بغیر ڈیش کے) موبائل فون سے 668 پر ایس ایم ایس بھی کر سکتے ہیں۔
پی ٹی اے نے شہریوں کو سخت ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے شناختی کارڈ پر موجود کسی بھی نامعلوم یا غیر ضروری سم کو فوری طور پر بلاک کروائیں۔
اتھارٹی نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ہمیشہ کسی بھی کمپنی کی نئی سم صرف مستند فرنچائز یا آفیشل کسٹمر سروس سینٹر سے ہی حاصل کریں، جبکہ مزید معلومات کے لیے پی ٹی اے کی ویب سائٹ کا رخ کریں۔





