اب گھر بیٹھے گاڑی ٹرانسفر ہو سکے گی،مالکان کی بڑی مشکل حل ہوگئی

عظمت اللہ عقاب

اسلام آباد کے گاڑی مالکان کے لیے ایک بڑی اور خوش آئند خبر سامنے آئی ہے جہاں اب شہری ای ٹی بی (ETB) ویب پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے اپنی گاڑیوں کی ملکیت منتقل کرا سکیں گے۔

محکمہ ایکسائز اسلام آباد کے ایک اہم جائزہ اجلاس میں گاڑیوں کی اونرشپ ٹرانسفر کے عمل کو مزید آسان، تیز رفتار اور مؤثر بنانے کا یہ بڑا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈی جی ایکسائز عرفان میمن کی زیر صدارت منعقدہ اس اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ڈائریکٹر ایکسائز سمیت دیگر سینیئر افسران نے شرکت کی، جس میں محکمہ ایکسائز کی گزشتہ پندرہ روزہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران شہریوں کو دفاتر کے چکروں سے بچانے کے لیے ای ٹی بی ویب پورٹل کی کارکردگی کو سراہا گیا جس کے تحت اب گاڑی کی منتقلی کا سارا عمل آن لائن مینیج کیا جا سکے گا۔

ملکیت کی منتقلی کے علاوہ اجلاس میں اسلام آباد میں رجسٹرڈ گاڑیوں اور ٹوکن ٹیکس کی وصولی کی موجودہ صورتحال کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ ساتھ ہی شہریوں کی سہولت کے لیے روڈ ٹریفک خلاف ورزیوں پر عائد ہونے والے جرمانوں کی آن لائن ادائیگی کے نظام کو مزید بہتر بنانے پر بھی غور کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : سستا پیٹرول اسکیم،موٹر سائیکل سواروں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

اس موقع پر شہر کے مختلف ناکہ جات پر تفتشی افسران کی جانب سے نادہندگان کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

ڈی جی ایکسائز عرفان میمن نے متعلقہ افسران کو سخت ہدایات جاری کیں کہ گاڑیوں کی آن لائن منتقلی کے عمل کو عام شہریوں کے لیے جتنا ہو سکے آسان بنایا جائے تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے ٹوکن ٹیکس ادا نہ کرنے والے گاڑی مالکان کے خلاف ناکہ جات پر کریک ڈاؤن کو مزید تیز اور مؤثر بنانے کا بھی حکم دیا۔

Scroll to Top