فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکی امن کوششوں کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں،بلاول

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم گلگت بلتستان کے عوام کو حق حاکمیت دلوانا چاہتے ہیں۔

گلگت میں پیپلز پارٹی کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ گزشتہ الیکشن کے دوران گلگت آیا تھا اور ہر تحصیل میں پیپلز پارٹی کا منشور پیش کیا تھا، گلگت بلتستان کے عوام نے ہمیں سب سے زیادہ ووٹ دیئے۔

بلاول بھٹو زرداری کے مطابق فارم 45 کے تحت ہمیں سب سے زیادہ ووٹ ملے تھے لیکن گزشتہ الیکشن میں ہمارے ووٹ پر ڈاکہ مارا گیا تھا، اس دفعہ خاتون اول آصفہ بھٹو کے ساتھ آیا ہوں۔

انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس دفعہ آپ نے فارم 45 کا بندوبست کرنا ہے، ہم کسی کو ناانصافی کی اجازت نہیں دیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پوری امت مسلمہ ایک امتحان سے گزر رہی ہے، ایران، لبنان، غزہ میں صورتحال سب کے سامنے ہے،گلگت کے عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ موجودہ حالات میں کونسی پارٹی مسائل حل کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے پاکستان کو ایٹم بم کا تحفہ دیا اور کہا تھا کہ گھاس کھا لیں گے مگر ایٹم بم بنائیں گے، جبکہ شہید محترمہ نے میزائل ٹیکنالوجی کا تحفہ دیا تھا کیونکہ ایٹم بم کے استعمال کے لیے میزائل ٹیکنالوجی کی ضرورت ہوتی ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ایران، پاکستان گیس پائپ لائن معاہدے کی بنیاد صدر زرداری نے رکھی اور انہوں نے اقتدار میں آکر تمام بیسز بھی بند کرائے تھے، اس تاریخی فیصلے کی وجہ سے آج پاکستان محفوظ ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی امن کوششوں کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں، جنگ کی وجہ سے پوری دنیا پر معاشی بوجھ بڑھا ہے اور امن کی کوششیں کامیاب ہونے سے عوام پر بوجھ کم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے ایف سی آر کا خاتمہ کر کے پہلا قدم اٹھایا تھا اور شہید محترمہ نے 1994 میں گلگت بلتستان کے عوام کو سیاسی حقوق دلوائے، دیگر سیاسی جماعتیں آج شہید محترمہ کی وجہ سے ہی اپنے پرچم لہرا کر ووٹ مانگ رہی ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کو شناخت دی اور انہوں نے خیبرپختونخوا کا بھی نام رکھا، اب شہید بھٹو کا نواسا اور نواسی گلگت بلتستان کو آئین دلوائیں گے اور اٹھارہویں ترمیم کے تحت مل کر حقوق دلوائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب ہم پانچوں صوبوں کی زنجیر بےنظیر کا نعرہ لگائیں گے، دوسری جماعتوں کے دور میں امیر لوگ ترقی کرتے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں ان کے امیر دوستوں کی ترقی ہی معاشی ترقی ہے، لیکن پیپلزپارٹی عام آدمی کو ترقی دینا چاہتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بےنظیر اگر نوکریاں دیتی تھیں تو یہ ان کے خلاف کیسز بنا دیتے تھے، شہید بی بی نے کہا تھا اگر روزگار دینا جرم ہے تو یہ جرم بار بار کروں گی، اس لیے 7 جون کے بعد نوجوانوں کو میرٹ پر نوکریاں دیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں اتنے وسائل ہیں کہ یہ علاقہ کوہ نور ثابت ہوسکتا ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے تھرپارکر کی طرح بجلی پیدا کریں گے کیونکہ گلگت بلتستان میں 50 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔

Scroll to Top