شدید بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی،این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

شدید بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی،این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں متوقع موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔

الرٹ کے مطابق اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم، گوجر خان اور سیالکوٹ کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، صوابی، کالام، منگورہ، مالاکنڈ، بٹگرام، مردان، نوشہرہ، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

گلگت بلتستان اور کشمیر کے علاقوں سکردو، ہنزہ، نگر، غزر، دیامیر، گھانچے، استور، شگر، کھرمنگ، نیلم ویلی، مظفرآباد، باغ، کوٹلی، پونچھ اور بھمبر میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

آئندہ 12 سے 24 گھنٹے کے دوران ان تمام خطوں کے مختلف علاقوں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی متوقع ہے جبکہ ژالہ باری اور تیز ہواؤں کے باعث کمزور تعمیرات اور تنصیبات کو نقصان کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آئندہ تین ماہ تک موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات کی حیران کن پیشگوئی جاری

این ڈی ایم اے کے مطابق شمالی علاقہ جات میں گلیشائی جھیلوں کے پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے جس کے پیش نظر رابطہ سڑکوں کی بندش کا بھی خطرہ موجود ہے۔

الرٹ کے مطابق ہنزہ، نگر، گلگت، چلاس، استور، شگر، چترال، کالام، اپر کوہستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ ہے جبکہ شمشال ویلی، عطاآباد جھیل، کریم آباد، گل میت، ششکت بالا اور پاسو کے درمیان رابطہ سڑکیں حساس قرار دے دی گئی ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق شگر ویلی روڈ، سکردو روڈ، دیوسائی روڈ اور قراقرم ہائی وے پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث راستے بند ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ ممکنہ طور پر متاثر ہونے والی بڑی شاہراہوں میں قراقرم ہائی وے، ناران روڈ اور جگلوٹ-سکردو روڈ شامل ہیں۔

الرٹ کے مطابق کالام، کندول، ارنگ کیل، داسو، پٹن اور چترال ویلی کے پہاڑی مقامات پر سفری سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے جس پر این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو حساس شاہراہوں اور پہاڑی علاقوں میں الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق سیاح اور مسافر شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں اور عوام این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” سے بروقت معلومات حاصل کریں۔

این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے اور ہائی الرٹ رہنے کی سخت ہدایت جاری کر دی ہے۔

Scroll to Top