روہڑی میں افسوسناک واقعہ، دریائے سندھ میں ایک ہی خاندان کے تین بچے ڈوب گئے۔
تفصیلات کے مطابق دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے ایک ہی خاندان کے تین بچے ڈوب گئے، جس کے بعد علاقے میں افسوس اور سوگ کی فضا چھا گئی۔ ریسکیو ٹیمیں لاپتا بچوں کی تلاش کے لیے آپریشن میں مصروف ہیں۔
تفصیلات کے مطابق روہڑی کے علاقے درگاہ بال مبارک کے قریب دریائے سندھ میں گرمی کی شدت سے بچنے کے لیے نہانے جانے والے تین بہن بھائی اچانک گہرے پانی میں چلے گئے اور ڈوب گئے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور مقامی غوطہ خور موقع پر پہنچ گئے اور فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق پانچ سالہ بچے کی لاش دریا سے نکال لی گئی ہے، جبکہ ایک بچی اور ایک بچے کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈوبنے والے تینوں بچے آپس میں بہن بھائی ہیں، جس کے باعث اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔ واقعے کی خبر پھیلتے ہی اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر جمع ہو گئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ لاپتا بچوں کی تلاش کے لیے آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے اور غوطہ خور دریا کے مختلف مقامات پر سرچ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
واقعے کے بعد پورے علاقے میں افسوس اور سوگ کی فضا ہے جبکہ اہل خانہ اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے بے چینی سے ریسکیو آپریشن کے نتائج کے منتظر ہیں۔





