تہلکہ خیز پیش رفت! ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ نیب نے پاکستان سے باہر ملک ریاض کے اکاؤنٹس منجمد کروا دیے

تہلکہ خیز پیش رفت! ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ نیب نے پاکستان سے باہر ملک ریاض کے اکاؤنٹس منجمد کروا دیے

ملک کی تاریخ میں پہلی دفعہ نیب نے پاکستان سے باہر ملک ریاض کے اکاؤنٹس منجمد کروا دیے قومی احتساب بیورو (نیب) کراچی نے انسدادِ منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت اہم کارروائی کرتے ہوئے ماریشس میں موجود 45 لاکھ امریکی ڈالر مالیت کے دو غیر ملکی بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے ہیں۔

نیب کے مطابق یہ اکاؤنٹس سلور بینک، ماریشس میں موجود تھے اور احمد علی ریاض اور مبشرہ علی ملک کے نام سے منسلک تھے۔ یہ کارروائی احتساب عدالت کراچی کی جانب سے دی گئی اجازت اور قانونی منظوری کے بعد عمل میں لائی گئی۔

نیب حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ بعض رقوم غیر قانونی ذرائع سے ملک سے باہر منتقل کی گئیں۔ تفتیشی رپورٹ کے مطابق رقوم کو حوالہ اور ہنڈی کے ذریعے پہلے متحدہ عرب امارات اور بعد ازاں ماریشس منتقل کیا گیا، جہاں انہیں مشترکہ بینک اکاؤنٹس میں رکھا گیا۔

نیب کے مطابق مذکورہ اکاؤنٹس میں اس وقت تقریباً 45 لاکھ امریکی ڈالر موجود ہیں، جنہیں اثاثہ جات کی بازیابی کے عمل کے تحت قانونی طور پر منجمد کر دیا گیا ہے۔

بیورو نے مزید بتایا کہ دفتر خارجہ کے ذریعے بین الاقوامی قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور متعلقہ قوانین کے تحت ان رقوم کی ضبطی اور وطن واپسی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

نیب کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی بیرونِ ملک موجود غیر قانونی اثاثوں کا سراغ لگانے اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے قومی دولت کی بازیابی کے عزم کا مظہر ہے۔ ادارے کے مطابق تحقیقات اور قانونی کارروائی کا عمل بدستور جاری ہے۔

Scroll to Top