گلگت بلتستان انتخابات، پولنگ کا مقررہ وقت ختم، نتائج کا انتظار

گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے لیے پولنگ کا مقررہ وقت ختم ہوگیا۔ الیکشن حکام کے مطابق پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہا، تاہم مقررہ وقت تک پولنگ اسٹیشنوں کے اندر موجود ووٹرز اپنے ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔

الیکشن ضابطہ اخلاق کے مطابق ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد نتائج مرحلہ وار جاری کیے جائیں گے۔

اس انتخابی معرکے میں 8 خواتین سمیت مجموعی طور پر 403 امیدوار میدان میں ہیں، جبکہ حکومت سازی کے لیے گلگت، دیامر، غذر اور ہنزہ کے حلقوں پر سیاسی جماعتوں کی خصوصی نظر ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق گلگت کو صوبے کا سیاسی مرکز تصور کیا جاتا ہے، جبکہ سکردو اور دیامر بھی حکومت سازی میں فیصلہ کن کردار ادا کرسکتے ہیں۔ گلگت، سکردو اور دیامر میں برتری حاصل کرنے والی جماعت کے لیے حکومت بنانا نسبتاً آسان ہوگا۔

دوسری جانب غذر، نگر اور ہنزہ کے حلقے بھی ماضی میں کئی بار انتخابی نتائج کا رخ تبدیل کر چکے ہیں، جس کے باعث ان حلقوں کو بھی غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔

پولنگ کے اختتام کے بعد اب تمام نظریں غیر سرکاری اور سرکاری نتائج پر مرکوز ہیں، جو آئندہ حکومت کی تشکیل کا تعین کریں گے۔

Scroll to Top