گلگت بلتستان کے چیف الیکشن کمشنر نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ صوبے میں انتخابی عمل پرامن ماحول میں جاری رہا اور ووٹرز نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق صبح 8 بجے سے پولنگ کا عمل شروع ہوا اور انہوں نے حلقہ نمبر 1 کے 15 سے 20 پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا، جہاں ووٹرز کی بڑی تعداد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ خواتین کا ووٹر ٹرن آؤٹ مردوں کے مقابلے میں زیادہ رہا، جو جمہوری عمل میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شمولیت کا واضح ثبوت ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ گلگت بھر میں کہیں بھی امن و امان کی کوئی ناخوشگوار صورتحال سامنے نہیں آئی اور انتخابی عمل منظم اور پرامن انداز میں جاری رہا۔
انہوں نے ووٹرز، انتخابی عملے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انتخابی عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہوگا۔





