پشاور: وزیرستان: فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (ساؤتھ) کے زیر اہتمام وزیرستان امن فیسٹیول 2026 کا انعقاد 12 جون سے 10 جولائی تک کیا جائے گا، جس کا مقصد علاقے میں امن، بھائی چارے اور نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیسٹیول کے دوران جنوبی وزیرستان کے 23 مختلف مقامات پر کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے جن میں کرکٹ، فٹبال اور والی بال کے مقابلے شامل ہوں گے۔ ان مقابلوں میں مختلف علاقوں کی ٹیمیں بھرپور شرکت کریں گی۔
فیسٹیول کے ذریعے وزیرستان کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع میسر آئیں گے، جبکہ کھیلوں کی یہ سرگرمیاں علاقے میں صحت مند مقابلے کے رجحان کو بھی فروغ دیں گی۔
منتظمین کے مطابق وزیرستان امن فیسٹیول نہ صرف کھیلوں کا پلیٹ فارم ہوگا بلکہ یہ امن اور بھائی چارے کی علامت بھی بنے گا، جس سے علاقے میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں : ملک میں موسم کی صورتحال پر این ڈی ایم اے کا تازہ جائزہ جاری
ثقافتی رنگ بھی فیسٹیول کا حصہ ہوں گے، جہاں روایتی اتنڑ کے ذریعے وزیرستان کی ثقافتی روایات کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ رنگا رنگ آتش بازی کا بھی اہتمام کیا جائے گا جو فیسٹیول کی رونقوں میں اضافہ کرے گی۔
کھیل، ثقافت اور تفریح کے اس حسین امتزاج کو عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی ملنے کی توقع ہے۔
وزیرستان امن فیسٹیول 2026 کو علاقے میں امن، ہم آہنگی اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔





