فلپائن میں خوفناک زلزلہ، زمین لرز اٹھی، شدت 8.2 ریکارڈ

منیلا: فلپائن کے جنوبی جزیرے منڈاناؤ میں شدید نوعیت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد سونامی کے خطرے کے پیش نظر متعلقہ اداروں نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

جرمن ریسرچ سینٹر فار جیو سائنسز کے مطابق زلزلے کی شدت ابتدائی طور پر 7.3 ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم بعد ازاں مزید تجزیے کے بعد اس کی شدت بڑھا کر 8.2 کر دی گئی۔

ادارے کے مطابق زلزلے کی گہرائی زمین کے اندر تقریباً 10 کلومیٹر تھی، جس کے باعث جھٹکے وسیع علاقے میں محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے فوراً بعد امریکی سونامی وارننگ سسٹم نے ممکنہ سونامی کے خطرے کے پیش نظر انتباہ جاری کرتے ہوئے ساحلی علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی۔ حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور ممکنہ خطرات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بیرونِ ملک بیٹھے پی ٹی آئی پروپیگنڈا سیل کو بڑا جھٹکا: گلگت بلتستان کے عوام نے یوٹیوبرز کا بیانیہ مسترد کر دیا

ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم ریسکیو اور ہنگامی امدادی ادارے الرٹ رہتے ہوئے مختلف علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اتنی شدت کے زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا امکان بھی موجود رہتا ہے، جس کے باعث عوام کو احتیاط برتنے اور حکام کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے اثرات اور ممکنہ نقصانات سے متعلق مزید معلومات جمع کی جا رہی ہیں، جبکہ ساحلی آبادیوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

Scroll to Top