جنگلات میں آگ لگنے کا خدشہ، مردان میں دو ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ

اخونزادہ فضل حق
مردان کے ڈپٹی کمشنر واصف رحمان نے ضلع بھر کے جنگلات اور قیمتی قدرتی وسائل کو آگ کے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

جاری کردہ احکامات کے تحت ضلع مردان کے جنگلات اور ان کے ارد گرد کے علاقوں میں آتش بازی، کیمپ فائر (پکنک پر آگ جلانے) اور آگ لگنے کا سبب بننے والی تمام تر سرگرمیوں پر اگلے دو ماہ کے لیے مکمل پابندی رہے گی۔

یہ فیصلہ ڈویژنل فارسٹ آفیسر مردان کی سفارش پر کیا گیا ہے کیونکہ حالیہ خشک موسم، بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور انسانی سرگرمیوں کی وجہ سے جنگلاتی آگ لگنے کے خدشات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق اس صورتحال سے جنگلی حیات، ماحولیات اور عوامی املاک کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مردان:تین افراد کے لرزہ خیز قتل کا ڈراپ سین، چار ملزمان گرفتار اور مغوی بچے بازیاب

ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ماحولیات کے تحفظ کے لیے ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔

حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ نے تمام متعلقہ اداروں اور پولیس کو ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔

Scroll to Top