پاسکو کے ذریعے گندم کی فراہمی کے احکامات پر گورنرفیصل کنڈی کا وزیراعظم سے اظہارِ تشکر

پاسکو کے ذریعے گندم کی فراہمی کے احکامات پر گورنرفیصل کنڈی کا وزیراعظم سے اظہارِ تشکر

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاسکو کے ذریعے صوبے کو گندم کی فراہمی کے احکامات جاری کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا ہے۔

گورنر کے مطابق خیبرپختونخوا کو مجموعی طور پر 36 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی ضرورت ہے، جس کے مقابلے میں پاسکو کے ذریعے وزیراعظم نے 2 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی فراہمی کی منظوری دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ باقی ضرورت کی گندم کی پنجاب سے مفت ترسیل تاحال شروع نہیں ہو سکی، جبکہ پنجاب سے ملحق نو چیک پوسٹوں پر خیبرپختونخوا کو گندم اور آٹے کی ترسیل میں رکاوٹوں کی صورتحال برقرار ہے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ آئین اور نئی گندم پالیسی کے تحت آٹے اور گندم کی مفت ترسیل صوبے کا حق ہے، اور اس میں کسی قسم کی رکاوٹ قابلِ قبول نہیں۔

انہوں نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ چیک پوسٹوں کی صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور پاسکو کے علاوہ بھی صوبے کی ضرورت کے مطابق گندم اور آٹے کی بلا تعطل ترسیل یقینی بنائی جائے۔

گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو سستے آٹے اور گندم کے حق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا، اور اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں۔

Scroll to Top