عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے اثرات مقامی صرافہ بازاروں پر بھی نمایاں ہونے لگے، جہاں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں آج ایک بار پھر نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 9 ہزار 720 روپے کی بڑی کمی ہوئی، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 32 ہزار 716 روپے کا ہو گیا۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 8 ہزار 748 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 69 ہزار 422 روپے تک آ گئی۔
چاندی کی قیمت میں بھی کمی کا رجحان دیکھا گیا۔ فی تولہ چاندی 40 روپے سستی ہو کر 6 ہزار 889 روپے پر آ گئی۔
دوسری جانب بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جہاں فی اونس سونا 97 ڈالر 20 سینٹ سستا ہونے کے بعد 4 ہزار 102 ڈالر 80 سینٹ پر آ گیا۔
ماہرین کے مطابق عالمی مالیاتی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال اور سرمایہ کاروں کے بدلتے رجحانات کے باعث قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری ہے۔ ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باوجود سونے کی قیمتوں میں کمی نے خریداروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔





