ترک بری فوج کے کمانڈر جنرل میتن توکیل نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نےچیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل میتن توکیل کو جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات کے دوران باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی کی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل سیدعاصم منیرسےبحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر کی ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور اسٹریٹجک تعلقات پر روشنی ڈالی اور دونوں برادر ممالک کی مسلح افواج کے درمیان مضبوط دفاعی شراکت داری کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ترک کمانڈر نے نیول ہیڈ کوارٹرز (این ایچ کیو) اسلام آباد کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پیشہ ورانہ امور اور خطے کی سمندری سیکیورٹی کے ماحول پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعد ازاں انہوں نے ائیر ہیڈ کوارٹرز (اے ایچ کیو) اسلام آباد میں چیف آف ائیر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقات کی جس میں باہمی فوجی تعاون اور پیشہ ورانہ امور پر غور کیا گیا۔
ترک بری فوج کے کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاک فوج کی خدمات کا اعتراف کیا۔
انہوں نے دونوں برادر ممالک کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مزید فروغ دینے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔





