یو اے ای نے ایران کے منجمد اربوں ڈالر جاری کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی

متحدہ عرب امارات نے ایران کے منجمد اربوں ڈالر کے فنڈز جاری کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے جسے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے مجموعی طور پر 10 ارب ڈالر جاری کرنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ 3 ارب ڈالر پہلے ہی ایران کو فراہم کیے جا چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس اقدام پر اتفاق ایران کی جانب سے متحدہ عرب امارات پر حملے روکنے کے بدلے میں کیا گیا، ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ پیش رفت خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور وسیع تر سفارتی کوششوں کا حصہ ہے۔

رائٹرز کے مطابق بعض ذرائع نے فنڈز کی مجموعی مالیت 20 ارب ڈالر تک بھی بتائی ہے تاہم اس حوالے سے مختلف اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا محفوظ رہنا چاہتا ہے تو خطے سے نکل جائے، عباس عراقچی

دوسری جانب ایک اماراتی عہدیدار نے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی پالیسی خطے میں کشیدگی کم کرنے، امن و استحکام کو فروغ دینے اور تنازعات کے اثرات سے عوام کو محفوظ رکھنے پر مبنی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی اور وسیع تر معاہدے کے لیے مذاکرات اپنے حتمی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔

Scroll to Top