بنوں کے تھانہ ہوید کی حدود میں بم ڈسپوزل یونٹ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا۔
پولیس کے مطابق، نامعلوم دہشت گردوں نے بارودی مواد کو زندی اکبر خان چوک میں نصب کیا تھا، جہاں لوگوں کی بڑی تعداد موجود رہتی ہے۔ یہ ایک ریموٹ کنٹرول بم تھا اور اگر پھٹ جاتا تو بھاری جانی و مالی نقصان کا خدشہ تھا۔
بم کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کامیاب آپریشن کے نتیجے میں ایک بڑے سانحے کو روکا گیا اور شہریوں کی جانیں محفوظ بنائی گئیں۔
پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے۔ شہریوں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ کسی مشکوک چیز یا سرگرمی کے بارے میں فوری اطلاع دیں تاکہ شہر کو مزید کسی ممکنہ خطرے سے بچایا جا سکے۔