امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے تاریخی امن معاہدے میں پاکستان کے کلیدی اور کامیاب ترین سفارتی کردار کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پرصارفین کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیاہے۔
سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والا ہیش ٹیگ نوبل پیس پرائز فار عاصم منیر ہے جو اس وقت مائیکرو بلاگنگ سائٹ پرپہلے نمبر پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔
اس ٹرینڈ کے تحت لاکھوں صارفین اور مبصرین کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مندانہ اور پسِ پردہ انتہائی متحرک سفارت کاری نے دنیا کو ایک بڑی تباہی اور معاشی بحران سے بچا لیا ہے لہٰذا وہ عالمی سطح پر نوبل امن انعام کے حقیقی حقدار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایک بار پھر کر دکھایا، یہ کامیابی صرف پاکستان نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے ہے: محسن نقوی
ایکس پر سی ڈی ایف دی پیس میکر سمیت دیگر ہیش ٹیگز وائرل ہیںجس نے دنیا کو یہ باور کرایا کہ پاکستان ناصرف اپنی سرحدوں کا دفاع کرنا جانتا ہے بلکہ عالمی سطح پر امن قائم کرانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
عالمی سطح پر اس ایک سو آٹھ روزہ طویل جنگ کو ختم کرانے اور دونوں بڑی طاقتوں کو میز پر لانے کے پیچھے پاکستانی عسکری و سیاسی قیادت کی انتھک کوششوں کو سراہا جا رہا ہے جس کا واضح عکس سوشل میڈیا کے ٹاپ ٹرینڈز میں نظر آ رہا ہے۔ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر اس وقت تمام ٹاپ ٹرینڈز اسی امن معاہدے اور پاکستانی قیادت کی کامیابی سے جڑے ہوئے ہیں۔





