اعجاز آفریدی
پشاور: پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج سے 20 جون تک بارشوں، تیز ہواؤں، آندھی اور ژالہ باری کے امکان کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بالائی اور وسطی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کی توقع ہے، جبکہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تیز ہوائیں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی فصلوں، باغات اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو موسمی صورتحال کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے دریاؤں، ندی نالوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے مقامات کے قریب احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران امریکا امن معاہدے کے اثرات، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی
ادارے نے کسانوں کو فصلوں اور مویشی پال حضرات کو اپنے جانوروں کے تحفظ کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے، جبکہ ریسکیو اور امدادی اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1700 پر فوری رابطہ کریں۔





