اسلام آباد: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی جانب سے خواتین بینیفشریز کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے بینظیر موبائل سم کے حصول کی تاریخ میں توسیع کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اب مستحق خواتین 30 جون 2026 تک اپنے قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے اپنی موبائل سم بالکل مفت حاصل کر سکتی ہیں۔
بی آئی ایس پی حکام نے تمام بینیفشریز سے اپیل کی ہے کہ جن خواتین نے ابھی تک اپنی سم حاصل نہیں کی وہ فوری طور پر اپنا ذاتی موبائل فون لے کر قریبی دفتر سے رابطہ کریں۔
یاد رہے کہ حکومتِ پاکستان نے وزیراعظم کے ’’کیش لیس پاکستان‘‘ اسٹریٹجک روڈ میپ کے تحت بی آئی ایس پی کے تمام صارفین کو ڈیجیٹل والٹ سسٹم پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت مستحق افراد کو مالی امداد براہِ راست ان کے ڈیجیٹل والٹس میں منتقل کی جائے گی تاکہ ادائیگیوں کے عمل کو تیز، شفاف اور بغیر کسی کٹوتی کے یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان موٹر سائیکل مارکیٹ میں نئی انٹری، نئے ماڈلز متعارف
حکام کے مطابق ڈیجیٹل والٹ سسٹم کے ذریعے شفافیت میں اضافہ ہوگا جبکہ بدعنوانی اور بینکنگ تاخیر کے امکانات میں نمایاں کمی آئے گی۔ اس نظام سے خواتین مستفیدین کو مالی خودمختاری حاصل ہوگی اور وہ آسانی سے اپنی رقوم تک رسائی حاصل کر سکیں گی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف مستحقین کے لیے سہولت کا باعث بنے گا بلکہ ملکی معیشت کو ڈیجیٹل بنیادوں پر مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔





