پرائیویٹ حج کیلئے نیا فارمولا تیار، کوٹہ سسٹم ختم، نئی شرائط نافذ

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے پرائیویٹ حج پالیسی 2027-30 کی منظوری دے دی، جس کے تحت حج آپریٹرز کیلئے نئے قواعد و ضوابط اور سخت شرائط متعارف کرادی گئی ہیں۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق نئی پالیسی کے تحت پرائیویٹ حج کیلئے روایتی کوٹہ سسٹم کے بجائے کارکردگی اور کمپلائنس پر مبنی نظام نافذ کیا جائے گا، جبکہ موجودہ حج آپریٹرز کی دوبارہ جانچ بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔

منظور شدہ پالیسی کے مطابق پرائیویٹ حج کوٹہ ’’پہلے آئیں، پہلے پائیں‘‘ کی بنیاد پر دیا جائے گا، جبکہ ہر حج آپریٹر کیلئے 2 ہزار حجاج کی بکنگ لازمی ہوگی۔

کم بکنگ کرنے والی کمپنی کو غیر فعال قرار دیا جائے گا، جبکہ ناکام کمپنیوں کی آدھی سکیورٹی ضبط کرکے حجاج کو خودکار طریقے سے دیگر کمپنیوں میں منتقل کیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق تمام حج کمپنیوں کی آزاد ماہرین کے ذریعے جانچ اور درجہ بندی کی جائے گی، جبکہ حج کمپنیوں کو لائسنس تین سال کیلئے جاری کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : مہنگائی سے پریشان عوام کیلئے ریلیف، ٹرانسپورٹرز نے خوشخبری سنادی

نئی پالیسی میں حج کوٹے کی خرید و فروخت، کارٹل سازی اور اجارہ داری پر پابندی عائد کردی گئی ہے، جبکہ پرائیویٹ حج آپریشنز مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام کے تحت چلائے جائیں گے۔

حج بکنگ صرف پرائیویٹ حج مینجمنٹ پورٹل کے ذریعے کی جائے گی، جسے نادرا اور اسٹیٹ بینک کے نظام سے منسلک کیا جائے گا۔ دستی بکنگ اور کیش لین دین پر پابندی ہوگی جبکہ حج کمپنیاں حجاج کے فنڈز اپنے پاس نہیں رکھ سکیں گی۔

ترجمان نے بتایا کہ سعودی سروس فراہم کنندگان کو ادائیگیاں براہ راست کی جائیں گی اور سعودی عرب میں تمام حج ادائیگیاں اسٹیٹ بینک کے سرکاری اکاؤنٹ کے ذریعے ہوں گی۔

حکام کے مطابق نئی پرائیویٹ حج پالیسی کا مقصد نظام میں شفافیت لانا اور پاکستان کے حج آپریشنز کو سعودی وژن 2030 کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

Scroll to Top