دورے میں پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت، توانائی، سرحدی تعاون اور خطے کی صورتحال سمیت اہم امور پر تفصیلی بات چیت متوقع ہے
تفصیلات کے مطابق ایران کے صدر مسعود پزشکیان وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی دعوت پر ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ ایرانی صدر کا خصوصی طیارہ اسلام آباد کے نور خان ایئر بیس پر لینڈ کیا، جہاں ان کا اعلیٰ سطح پر شاندار اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔
نور خان ایئر بیس پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھیں۔
ایرانی صدر کو پاک فضائیہ کے طیاروں نے روایتی سلامی پیش کی جبکہ بچوں نے روایتی لباس میں انہیں پھول پیش کر کے خوش آمدید کہا، جس سے ایئر بیس کا ماحول خوشگوار اور دوستانہ نظر آیا۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی صدر کے ہمراہ وفد میں شامل ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرانی کے مطابق یہ دورہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ہو رہا ہے، جس کا مقصد پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوششوں کو سراہنا ہے۔ ایرانی صدر اپنے دورے میں صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان کے مطابق ملاقاتوں میں تجارت، توانائی، سرحدی تعاون، سرمایہ کاری اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔ اس کے علاوہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (MoUs) پر پیشرفت اور خطے کی مجموعی صورتحال بھی ایجنڈے کا حصہ ہوگی۔
ذرائع کے مطابق اس دورے کو پاک ایران تعلقات کے فروغ میں اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ایرانی قیادت پاکستان کے ثالثی کردار کو بھی سراہنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ توقع ہے کہ ایرانی صدر وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کریں گے۔
اطلاعات کے مطابق ایرانی صدر کے طیارے پر “میناب 168” درج تھا، جسے ایران میں ایک اسکول پر حملے میں شہید ہونے والے بچوں کی یاد سے منسوب کیا گیا ہے۔
سیاسی و سفارتی ماہرین کے مطابق یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں سفارتی سرگرمیاں تیز ہیں، اور اس سے نہ صرف پاکستان اور ایران کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے بلکہ خطے میں اقتصادی تعاون اور استحکام کے نئے مواقع بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔





