فیلڈ مارشل سید عاصم منیرسےایرانی صدرمسعود پزشکیان کی ملاقات، خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال، امن کے لیے جاری کوششوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے خطے میں مکالمے کے فروغ، کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں : ایرانی صدر مسعود پزشکیان ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

انہوں نے موجودہ جغرافیائی و سیاسی چیلنجز کے دوران تنازعات کے پرامن حل کی حوصلہ افزائی اور علاقائی فریقوں کے درمیان باہمی مفاہمت کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان علاقائی امن اور تعمیری سفارت کاری کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے تعاون کو مزید فروغ دیا جائےگا۔

Scroll to Top