نویں محرم الحرام کے موقع پر پشاور کی مختلف امام بارگاہوں سے مروجہ روایات کے مطابق مرکزی ماتمی جلوس برآمد ہوں گے جن کے لیے سیکیورٹی اور انتظامی امور مکمل کر لیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پہلا اور دوسرا مرکزی ماتمی جلوس بالترتیب امام بارگاہ بی بی صاحبہ تحصیل اور امام بارگاہ قمر بنی ہاشم سٹی ریلوے سٹیشن سے سہ پہر 4 بجے برآمد ہوں گے جبکہ تیسرا جلوس امام بارگاہ سائیں زرین امامیہ کالونی گلبہار سے سہ پہر 4 بج کر 30 منٹ پر روانہ ہوگا۔
رات کے اوقات میں برآمد ہونے والے جلوسوں کے تحت امام بارگاہ پتھر والا محلہ ہودہ گنج اور امام بارگاہ حسین آباد جہانگیر پورہ سے جلوس رات 9 بجے برآمد کیے جائیں گے۔ اس کے بعد رات 9 بج کر 30 منٹ پر امام بارگاہ سید عالم شاہ جعفری کوچی بازار اور امام بارگاہ آغا سید نجف علی شاہ کوچی بازار سے ماتمی جلوس نکالے جائیں گے۔
رات 10 بجے کے شیڈول میں امام بارگاہ آغا بہادر علی محلہ جٹاں یکہ توت، امام بارگاہ حاجی ملک رحمن محلہ مروی ہا، امام بارگاہ اخوند آباد نو بجوڑی چرچ روڈ، امام بارگاہ علمدار کربلا کوچہ رسالدار قصہ خوانی اور امام بارگاہ محلہ حسینیہ سٹریٹ ہشت نگری کے جلوس شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : وفاقی حکومت کا 9 اور 10 محرم الحرام کو عام تعطیل کا اعلان
علاوہ ازیں امام بارگاہ جعفریہ سٹریٹ ہشت نگری، امام بارگاہ آل سادات محلہ باقر شاہ، امام بارگاہ حسینیہ ہال پشاور صدر، امام بارگاہ آغا سید مصطفیٰ شاہ محلہ خداداد اور امام بارگاہ سید میر حیدر شاہ جہانگیر پورہ سے بھی روایتی علم کے جلوس مختلف اوقات میں برآمد ہوں گے۔
ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے تمام روٹس پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے جبکہ جلوسوں کے دوران شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل راستے فراہم کرتے ہوئے ان سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔





