وفاقی حکومت کا 9 اور 10 محرم الحرام کو عام تعطیل کا اعلان

وفاقی حکومت نے نو اور دس محرم الحرام کے موقع پر ملک بھر میں دو روز کی سرکاری چھٹیوں کا اعلان کر دیا ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ علامیے کے مطابق پچیس جون کو نو محرم اور چھبیس جون کو یوم عاشور کے موقع پر تمام وفاقی سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

ان تعطیلات کا اطلاق وفاقی حکومت کے زیر انتظام کام کرنے والے تمام دفاتر، نیم سرکاری اداروں اور درسگاہوں پر ہوگا جہاں معمول کی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ اسپتالوں، ریسکیو اداروں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ہنگامی خدمات سے وابستہ عملہ محرم الحرام کے دوران بھی ملک بھر میں امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کی سہولت کے لیے اپنے فرائض سرانجام دیتا رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں : وفاقی حکومت نے حج رجسٹریشن کا باضابطہ آغاز کل سے کرنے کا اعلان کر دیا

دوسری جانب محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے ملک بھر میں انتہائی سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں اور تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

Scroll to Top