پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر کے موبائل صارفین کو خبردار کیا ہے کہ نادرا شناختی کارڈ کی معیاد ختم یا غیر فعال ہونے کی صورت میں ان سے منسلک سمز کسی بھی وقت معطل کی جا سکتی ہیں۔
حکام کے مطابق موبائل سروسز کی بلا تعطل فراہمی برقرار رکھنے کے لیے شہریوں کو اپنے شناختی دستاویزات کی معلومات بروقت اپ ڈیٹ کروانا ہوں گی۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ الرٹ میں صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر فعال شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ سمز کی ممکنہ بندش سے بچنے کے لیے فوری طور پر نادرا سے اپنے کارڈز کی تجدید کروائیں تاکہ ان کی موبائل کنیکٹیویٹی متاثر نہ ہو۔
حکام کا کہنا ہے کہ نادرا سے شناختی کارڈ دوبارہ فعال کروانے کے بعد صارفین کو متعلقہ موبائل آپریٹر کے سروس سینٹر، فرنچائز یا ریٹیلر کے پاس جا کر اپنی بائیو میٹرک تصدیق کا عمل بھی مکمل کرنا ہوگا جس کے بعد ہی موبائل سروس باقاعدہ برقرار رکھی جا سکے گی۔
یہ بھی پڑھیں : موبائل خریدنے والوں کے لیے اہم خبر، پی ٹی اے نے فون چیک کرنے کا طریقہ بتا دیا
ٹیلی کام ریگولیٹر نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے اپنے شناختی کارڈ اور سم رجسٹریشن کی موجودہ حیثیت فوری طور پر چیک کریں اور اس قانونی تقاضے کو بروقت پورا کریں۔





