موبائل خریدنے والوں کے لیے اہم خبر، پی ٹی اے نے فون چیک کرنے کا طریقہ بتا دیا

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون صارفین کو سروس میں خلل سے بچنے کے لیے صرف منظور شدہ اور رجسٹرڈ فون خریدنے کی ہدایت کرتے ہوئے ڈیوائس کا اسٹیٹس چیک کرنے کا طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق غیر قانونی، غیر تصدیق شدہ اور کلون شدہ موبائل فونز کے استعمال کو روکنے کے لیے ڈربس (DIRBS) سسٹم فعال ہے جس کے تحت غیر تصدیق شدہ اور اسمگل شدہ فونز کو بلاک کر دیا جاتا ہے۔

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ خریداری سے پہلے ڈیوائس کی تفصیلات لازمی چیک کریں۔

صارفین اپنے موبائل فون پر `*#06#` ڈائل کر کے 15 ہندسوں کا آئی ایم ای آئی (IMEI) نمبر حاصل کر سکتے ہیں۔

خریداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فون کے ڈبے پر درج نمبر کا ہینڈ سیٹ کے اسکرین پر ظاہر ہونے والے نمبر سے لازمی موازنہ کریں تاکہ کسی بھی دھوکہ دہی سے بچا جا سکے۔

یہ  بھی پڑھیں : پی ٹی اے کی موبائل فون خریدنےوالوں کے لیے اہم ہدایت جاری

موبائل کا اسٹیٹس جاننے کے لیے صارف اپنا 15 ہندسوں کا آئی ایم ای آئی نمبر 8484 پر ایس ایم ایس کر کے تصدیق کر سکتے ہیں یا پی ٹی اے کی موبائل ایپلیکیشن ڈاؤن لوڈ کر کے بھی اسٹیٹس دیکھ سکتے ہیں۔ اس تصدیق سے معلوم ہو جائے گا کہ موبائل فون پی ٹی اے سے منظور شدہ ہے یا نہیں۔

پی ٹی اے نے متنبہ کیا ہے کہ موبائل ڈیوائسز میں غیر قانونی تبدیلی، ری پروگرامنگ یا سافٹ ویئر سے چھیڑ چھاڑ الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) 2016 کے تحت قابلِ سزا جرم ہے۔ اس جرم پر تین سال تک قید، دس لاکھ روپے تک جرمانہ، یا یہ دونوں سزائیں یکجا دی جا سکتی ہیں۔

حکام نے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ وہ ایف بی آر ٹیکسز کی ادائیگی کے بعد صرف پی ٹی اے سے منظور شدہ فون ہی خریدیں تاکہ بلاتعطل موبائل سروسز کا استعمال ممکن ہو سکے اور کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Scroll to Top