لاکھوں موٹر سائیکل سوار منتظر، کیا 2 ہزار روپے کی سبسڈی ملنے جا رہی ہے؟چھٹی کے دن اہم خبر آگئی

لاکھوں موٹر سائیکل سوار منتظر، کیا 2 ہزار روپے کی سبسڈی ملنے جا رہی ہے؟چھٹی کے دن اہم خبر آگئی

موٹر سائیکل سواروں کے لیے 2 ہزار روپے سبسڈی اسکیم بند ہونے کا امکان، حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اشارہ دیا ہے کہ موٹر سائیکل سواروں کے لیے جاری پیٹرول سبسڈی اسکیم آئندہ چند روز میں بند کی جا سکتی ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ موٹر سائیکل سواروں کے لیے متعارف کرائی گئی سبسڈی اسکیم کے مستقبل کے بارے میں آخری فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اس معاملے پر صوبائی حکومتوں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔

علی پرویز ملک نے بتایا کہ موٹر سائیکل سواروں کے لیے ریلیف اسکیم وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے باہمی تعاون سے شروع کی گئی تھی تاکہ بڑھتی ہوئی پیٹرول قیمتوں کے باعث عوام پر پڑنے والے مالی بوجھ کو کم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے اس اسکیم کے تحت موٹر سائیکل سواروں کو مجموعی طور پر 130 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا۔ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے ریکارڈ میں موجود اور رجسٹرڈ موٹر سائیکل مالکان کو براہ راست مالی معاونت منتقل کی گئی۔

واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے بعد وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے موٹر سائیکل سواروں کے لیے خصوصی سبسڈی پروگرام شروع کیا تھا، جس کے تحت اہل افراد کو ماہانہ 2 ہزار روپے فراہم کیے جا رہے تھے۔ اس مقصد کے لیے ایک خصوصی موبائل ایپ بھی متعارف کرائی گئی تھی، جس کے ذریعے شہریوں کو اپنی رجسٹریشن مکمل کرنا ہوتی تھی۔

دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد اس اسکیم کے مستقبل پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے 28 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے 31 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا۔ کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 299 روپے 50 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 311 روپے 47 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد حکومت سبسڈی پروگرام کا ازسرِنو جائزہ لے رہی ہے، جبکہ لاکھوں موٹر سائیکل سوار حتمی حکومتی فیصلے کے منتظر ہیں۔

Scroll to Top