پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے جیو نیوز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس کی نشریات 15 روز کے لیے معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
پیمرا کے مطابق یہ اقدام 10 محرم الحرام (26 جون 2026) کو نشر ہونے والے پروگرام “سفرِ عشق” میں مبینہ طور پر ناقابلِ قبول مذہبی تصویر کشی کے باعث اٹھایا گیا ہے۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی تصوراتی عکاسی نہ صرف لائسنس کی شرائط کی خلاف ورزی ہے بلکہ مذہبی، معاشرتی اور ثقافتی اقدار کے بھی منافی ہے۔
پیمرا کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ نشریات سے مذہبی جذبات مجروح ہونے کا خدشہ پیدا ہوا، جبکہ اس حوالے سے ادارے کی داخلی کمیٹی بھی مناسب نگرانی میں ناکام رہی۔ اتھارٹی کے مطابق جیو نیوز کی جانب سے احتیاطی اقدامات نہ کرنے اور ریگولیٹری ہدایات کی خلاف ورزی پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
پیمرا نے واضح کیا ہے کہ جیو نیوز کی نشریات سیٹلائٹ اور دیگر تمام پلیٹ فارمز پر معطل رہیں گی، جبکہ تمام ڈسٹری بیوٹرز اور کیبل آپریٹرز کو بھی ان احکامات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
اتھارٹی کے مطابق یہ معاملہ مزید کارروائی کے لیے پیمرا کی شکایات کونسل کو بھی ارسال کیا جائے گا، جو آئندہ ریگولیٹری اقدامات سے متعلق سفارشات مرتب کرے گی۔ جیو نیوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ادارے کے اندر بھی انکوائری کرے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کی خلاف ورزی سے بچا جا سکے۔





