امریکہ ایران جنگ بندی کے لیے پاکستان کی کوششیں قابل تحسین ہیں، اسلامی نظریاتی کونسل

شیراز احمد شیرازی 

اسلامی نظریاتی کونسل کے 246 ویں اجلاس میں ملکی و بین الاقوامی صورتحال، مذہبی حساسیت، خاندانی قوانین اور ماحولیاتی تحفظ سمیت متعدد اہم امور کا تفصیلی جائزہ لے کر کئی اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی ہے۔

کونسل نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے اسے قابل تحسین قرار دیا اور عالمی تجارت و علاقائی استحکام کے لیے آبنائے ہرمز کی بندش کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

اجلاس میں محرم الحرام کے پرامن انعقاد پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا گیا اور اس سلسلے میں سیکیورٹی فورسز، مقامی امن کمیٹیوں اور اتحاد بین المسلمین کمیٹیوں کے مثبت کردار کی تعریف کی گئی۔

میڈیا ضابطہ اخلاق کے حوالے سے کونسل نے جیو ٹی وی پر مقدس شخصیات کے خاکوں کی اشاعت کو شرعی لحاظ سے مکمل طور پر ناجائز قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ انبیاء کرام، اہل بیتِ اطہار، صحابہ کرام اور امہات المؤمنین کی شان میں توہین آمیز مواد سے سخت اجتناب کیا جائے۔

کونسل کا کہنا تھا کہ میڈیا پر ایسے متنازع مواد کو محض ہٹا دینا ہی کافی نہیں ہے بلکہ اس کے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جانی چاہیے اور میڈیا کو آزادیِ اظہارِ رائے اور مذہبی حساسیت کے درمیان توازن برقرار رکھنا چاہیے۔

قانونی اور عائلی امور پر بات کرتے ہوئے کونسل نے اقدامِ خودکشی کی سزا کی بحالی کے فیصلے کی مکمل حمایت کا اعلان کیا، جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ازدواجی اثاثوں سے متعلق حالیہ فیصلے کو اسلامی احکامات سے متصادم قرار دیا۔

اجلاس میں عائلی عدالتیں ترمیمی بل 2026 کا تفصیلی جائزہ لے کر بچوں کے نفقہ سے متعلق شرعی امور کی وضاحت کی گئی، جبکہ طبی ضرورت کے تحت انسانی آنکھ کے قرنیہ کو عطیہ کرنے اور اس کی پیوند کاری کو مخصوص شرائط کے ساتھ جائز قرار دے دیا گیا۔

ماحولیاتی تحفظ کے لیے کونسل نے پلاسٹک کور پر پابندی کے لیے وفاقی حکومت کی قانون سازی کی بھرپور حمایت کی اور اس بات پر زور دیا کہ صوبائی سطح پر بھی اسی طرح کی مؤثر قانون سازی کی اشد ضرورت ہے۔

Scroll to Top