یونیورسٹی روڈ پر ایک اور پانی کی لائن متاثر، کئی علاقوں میں سپلائی معطل

یونیورسٹی روڈ پر جاری ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کے ترقیاتی کام کے دوران ایک مرتبہ پھر پانی کی لائن متاثر ہونے سے شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوگئی۔

ترقیاتی سرگرمیوں کے دوران روزانہ کی بنیاد پر پانی کی لائنوں کو نقصان پہنچنے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

واٹر کارپوریشن کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر کے فور آگمینٹیشن منصوبے کے تحت کام کے دوران منگل کی صبح 6 انچ قطر کی پانی کی لائن متاثر ہوگئی، جس کے نتیجے میں گلشن اقبال بلاک 13 ڈی تھری، بلوچ گوٹھ اور ملحقہ علاقوں میں پانی کی سپلائی بند ہوگئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ لائن کی مرمت کا کام فوری طور پر شروع کردیا گیا ہے، جسے بدھ کی صبح تک مکمل کرنے کی توقع ہے، جبکہ مرمت کے بعد پانی کی فراہمی بحال کردی جائے گی۔

اس سے قبل یونیورسٹی روڈ پر پرانی سبزی منڈی کے قریب ریڈ لائن منصوبے کے دوران 55 انچ قطر کی مرکزی پانی کی لائن بھی متاثر ہوئی تھی، جس سے شہر کے متعدد علاقوں میں پانی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی۔ تاہم مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد اس لائن سے پانی کی سپلائی دوبارہ بحال کردی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : پیٹرول کی قیمت سے متعلق وزیرپٹرولیم پرویز ملک کا اہم بیان

واٹر کارپوریشن حکام کے مطابق ریڈ لائن اور کے فور آگمینٹیشن منصوبوں کے دوران پانی کی لائنیں مسلسل متاثر ہورہی ہیں، جس سے شہر میں پانی کی فراہمی کا نظام شدید متاثر ہو رہا ہے۔

ادارے نے ریڈ لائن انتظامیہ اور کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی حکام کو تمام پانی کی لائنوں کے نقشے اور تفصیلات فراہم کرتے ہوئے درخواست کی ہے کہ آئندہ ترقیاتی کام کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تاکہ مزید لائنوں کو نقصان سے بچایا جاسکے۔

ترجمان واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی روڈ پر چھوٹی اور بڑی پانی کی لائنوں کو بار بار نقصان پہنچ رہا ہے۔ ایک جانب شہری روزانہ ٹریفک کی مشکلات اور طویل سفر کی اذیت برداشت کر رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب پانی کی لائنوں کی مسلسل خرابی کے باعث شہر میں پانی کی قلت کا مسئلہ بھی شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

Scroll to Top