مذاکرات کی پیشکش ہوئی، مگر بات آگے نہیں بڑھی، بیرسٹر گوہر

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ملاقات کے مقررہ دن بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے کسی کو ملنے کی اجازت نہیں دی گئی، جبکہ وزیراعظم کی جانب سے مذاکرات کی دعوت کے باوجود حکومت سے بات چیت میں کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 36 ہفتے گزرنے کے باوجود ان کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہو سکی، جس سے تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہونے پر ہی ان کے آئندہ لائحہ عمل اور مؤقف سے آگاہی حاصل ہو سکے گی۔ ان کے بقول خاندان کی جانب سے بھی مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ عمران خان کی تینوں بہنوں کو ملاقات کی اجازت دی جائے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیراعظم نے قومی اسمبلی کے فلور پر مذاکرات کی دعوت دی تھی، تاہم اس حوالے سے حکومت کے ساتھ کسی قسم کی پیش رفت نہیں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں : نئی آٹو پالیسی: گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی سے متعلق بڑی خبر

ان کا کہنا تھا کہ ایک جانب پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو سزائیں دی جا رہی ہیں، جبکہ دوسری جانب مذاکرات کی بات کی جا رہی ہے۔

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے مسلسل ملاقات نہ ہونے کے باعث پارٹی کے اندر بے یقینی اور انتشار کی کیفیت پیدا ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت چاہتی ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہو تاکہ ان کی ہدایات کی روشنی میں آئندہ سیاسی حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔

سلمان اکرم راجا کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے رابطہ نہ ہونے کے باعث پارٹی قیادت شدید دباؤ کا سامنا کر رہی ہے۔

Scroll to Top