چارسدہ: بھائی نے سگے بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا، بھتیجے زخمی

چارسدہ: بھائی نے سگے بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا، بھتیجے زخمی

الف خان شیرپاؤ
ضلع چارسدہ کے تھانہ سرڈھیری کے حدود منگاہ درگئی میں فائرنگ کا ایک المناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک شخص نے اندھادھند فائرنگ کر کے اپنے ہی سگے بھائی اور بھتیجوں کو خون میں نہلا دیا۔

ذرائع کے مطابق فائرنگ کے اس ہولناک واقعے کے نتیجے میں سگا بھائی موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ بھتیجے شدید زخمی ہوئے ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چارسدہ منتقل کر دیا گیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد مبینہ ملزم نے خود کو قانون کے حوالے کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن میں گرفتاری دے دی ہے،تاہم ابھی تک فائرنگ کے اصل محرکات اور وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : چارسدہ کے علاقے مٹہ مغل خیل میں غیرت کے نام پردوخواتین سمیت تین افراد قتل

پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر واقعے کی مختلف پہلوؤں پر باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا ہے تاکہ قتل کی اصل وجہ سامنے لائی جا سکے۔

Scroll to Top