فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تہران پہنچ گئے ہیں جہاں وہ شہید آیت اللہ خامنہ ای کی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے۔
ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے تہران ایئرپورٹ پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا جبکہ ایران کے اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
استقبالیہ میں پاکستانی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے جہاں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے باہمی ملاقات اور خیرسگالی کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرِ اعظم شہباز شریف شہید آیت اللہ خامنہ ای کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے ایران روانہ
وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر ایران روانہ ہو گئے ہیں، وہ ایران کے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم کے ہمراہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی موجود ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف ایرانی قیادت اور سوگوار خاندانوں سے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کریں گے اور غم کی اس گھڑی میں برادر ایرانی قوم کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کریں گے۔





