مالاکنڈ کے مستقبل سے متعلق اہم اجلاس، وزیراعلیٰ نے کئی بڑے احکامات جاری کر دیے

مالاکنڈ کے مستقبل سے متعلق اہم اجلاس، وزیراعلیٰ نے کئی بڑے احکامات جاری کر دیے

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے مالاکنڈ میں امن و امان مزید مضبوط بنانے، دہشتگردی اور منشیات کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت جاری کر دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کی زیر صدارت مالاکنڈ ڈویژن میں امن و امان، ترقیاتی منصوبوں، گورننس، سروس ڈیلیوری اور جاری ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے مختلف شعبوں کی کارکردگی، جاری منصوبوں اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے مالاکنڈ ڈویژن میں پارلیمنٹیرینز پر ہونے والے حملوں کی تحقیقات جلد از جلد مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کو مزید مستحکم بنانے کے لیے خیبرپختونخوا پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کو جدید اسلحہ، ٹیکنالوجی، آلات اور دیگر ضروری وسائل سے مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائیاں یقینی بنائی جا سکیں۔

اجلاس میں مالاکنڈ ڈویژن میں دہشت گردی، انتہاپسندی اور منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور فیصلہ کن کارروائیاں کی جائیں اور کسی بھی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔

ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے سوات میں پیڈز اسپتال اور ارشد شریف یونیورسٹی کے منصوبوں کے لیے فنڈز کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں عوامی سہولیات بہتر بنانے کے لیے بھی متعدد فیصلے کیے گئے۔ وزیراعلیٰ نے مالاکنڈ ڈویژن کے مختلف اضلاع میں مزدوروں کے لیے شیلٹرز قائم کرنے، عوامی مقامات پر ٹھنڈے پینے کے پانی کی فراہمی اور شدید گرمی کے پیش نظر پنکھوں کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے تمام سرکاری اداروں کو سروس ڈیلیوری بہتر بنانے، عوامی اطمینان کو کارکردگی کا بنیادی معیار بنانے اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت کی کارکردگی کا اصل پیمانہ عوام کا اعتماد، اطمینان اور خوشحالی ہے، نہ کہ صرف فائلیں یا اعداد و شمار۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مالاکنڈ ڈویژن میں اس وقت 737 ترقیاتی اسکیموں پر کام جاری ہے، جبکہ رواں مالی سال کے ترقیاتی فنڈز کا 99 فیصد استعمال کیا جا چکا ہے، جس سے مختلف منصوبوں پر مؤثر پیش رفت جاری ہے۔

حکام نے مزید بتایا کہ ڈویژن بھر میں پولیس انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے لیے پولیس عمارتوں کی فورٹیفیکیشن کا کام جاری ہے۔ اس وقت 14 پولیس سہولت مراکز عوام کو خدمات فراہم کر رہے ہیں، جبکہ مزید 3 نئے پولیس سہولت مراکز زیر تعمیر ہیں، جن کی تکمیل کے بعد شہریوں کو پولیس خدمات مزید بہتر اور آسان انداز میں میسر آئیں گی۔

Scroll to Top