وطن پر جان نچھاور کرنے والے لالک جان شہید آج بھی قوم کے دلوں میں زندہ

اسلام آباد: نشانِ حیدر پانے والے حوالدار لالک جان شہید کی برسی کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور مسلح افواجِ پاکستان نے ان کی بے مثال بہادری، استقامت اور دفاعِ وطن کے لیے دی گئی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق 1999 کے کارگل تنازع کے دوران حوالدار لالک جان شہید نے دشمن کے مسلسل حملوں کے باوجود اپنی پوسٹ کا غیر معمولی جرات اور ثابت قدمی سے دفاع کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ شدید زخمی ہونے کے باوجود حوالدار لالک جان شہید نے محاذ چھوڑنے یا انخلا سے انکار کیا اور آخری سانس تک اپنے ساتھی جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہے، یہاں تک کہ وطنِ عزیز کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حوالدار لالک جان شہید کی لازوال قربانی بہادری، استقامت اور بے لوث قومی خدمت کی روشن مثال ہے، جبکہ مسلح افواجِ پاکستان اور پوری قوم ان کی عظیم قربانی اور خدمات کو انتہائی احترام اور عقیدت کے ساتھ سلام پیش کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور: زبانی تکرار کے بعد بیٹے نے فائرنگ کرکے والد اور بھائی کو قتل کر دیا

بیان میں مزید کہا گیا کہ حوالدار لالک جان شہید کی زندگی اور قربانی آج بھی موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیے فرض شناسی، عزت، حب الوطنی اور قومی خدمت کے اعلیٰ اصولوں پر عمل پیرا رہنے کا ذریعۂ ترغیب ہے۔

مسلح افواج نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان کے عوام اور افواجِ پاکستان شہدائے وطن کی امانت، ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے بہادری، ایثار، عزم اور وقار کے اسی جذبے کے ساتھ ہمیشہ ثابت قدم رہیں گے۔

Scroll to Top