سندھ میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مزید 49 افراد کو افغانستان ڈی پورٹ کر دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے مطابق حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم 49 افغان شہریوں کو حراست میں لیا گیا، جنہیں قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ کر دیا گیا۔
ڈی آئی جی حیدرآباد کے ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کیا۔ زیر حراست افراد کو بعد ازاں ہولڈنگ پوائنٹ منتقل کیا گیا، جہاں سے اسسٹنٹ کمشنر نور حسین کی نگرانی میں انہیں افغانستان ڈی پورٹ کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: عوام پر مہنگائی کا ایک اور وار، آٹے کی قیمت 145 روپے کلو تک پہنچ گئی، شہریوں کی مشکلات میں اضافہ
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ تمام متعلقہ ادارے قانون کے مطابق اقدامات کر رہے ہیں۔





