گریڈ 18 افسران کے لیے بڑا فیصلہ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اہم حکم جاری کر دیا

اسلام آباد: اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے گریڈ 18 اور مساوی کے 152 افسران کو 47ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس (MCMC) کے لیے نامزد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

یہ تربیتی کورس 27 جولائی سے 2 اکتوبر 2026 تک کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ میں واقع نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) میں منعقد ہوگا۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق 47ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کا دورانیہ 10 ہفتے ہوگا، جبکہ اس کے ساتھ 4 ہفتوں کی اسپیشلائزڈ ٹریننگ بھی پروگرام کا حصہ ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : امریکا اور ایران پھر مذاکرات کی میز پر؟ امریکی ویب سائٹ کا اہم انکشاف

نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پولیس سروس آف پاکستان، آفس مینجمنٹ گروپ، فارن سروس، پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس، ان لینڈ ریونیو سروس، کامرس اینڈ ٹریڈ گروپ، اکنامسٹ گروپ، پوسٹل گروپ سمیت مختلف وفاقی و صوبائی سروسز کے افسران کو کورس کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے نامزد افسران میں نوشین سرور، محمد انس اقبال، محمد شایان علی جاوا، محمد صہیب بٹ، سارہ جاوید، کیپٹن (ر) طیب سمیع خان، شوزب عباس، محمد احتشام الحق، زین العابدین میمن، طلحہ زبیر، ثانیہ صفی، صبیحہ حسن طورو، کیپٹن (ر) شہریار شیرازی، نعمان افضل اعوان، محمد ابوبکر، محمد فہیم، محمد مظہر امین حیات وٹو، زاہد حسین، منصور احمد، مرزا ولید بیگ، رابعہ، محمد سیف، رضوان نذیر، شریش سعد اور مہدی ملوف شامل ہیں۔

اسی طرح پولیس سروس آف پاکستان کے 25 افسران بھی کورس میں شرکت کریں گے، جن میں ایس ایس پیز، ایس پیز، ڈی پی اوز، چیف ٹریفک آفیسرز اور دیگر سینئر پولیس افسران شامل ہیں۔

اس کے علاوہ مختلف وزارتوں، ڈویژنز اور اداروں کے افسران بھی کورس کے لیے نامزد کیے گئے ہیں، جن میں وزارتِ توانائی، وزارتِ قانون، وزارتِ دفاع، وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت، ایف بی آر، اے ایس ایف، جی ایچ کیو، پاک بحریہ سویلین، نیب، انٹیلی جنس بیورو، کراچی پورٹ ٹرسٹ، سروے آف پاکستان، نیشنل سیونگز، امیگریشن اینڈ پاسپورٹس اور حکومتِ بلوچستان کے مختلف محکموں کے افسران شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : افغان مہاجرین کی واپسی کا طریقہ کار تبدیل، خیبرپختونخوا حکومت کا اہم فیصلہ

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام نامزد افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ 27 جولائی کو متعلقہ نیپا میں رپورٹ کریں اور اپنی تازہ سالانہ میڈیکل رپورٹ بھی جمع کرائیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 10 ہفتوں کے کورس کی فی افسر فیس 2 لاکھ 30 ہزار روپے جبکہ 4 ہفتوں کی اسپیشلائزڈ ٹریننگ کی فیس 64 ہزار 286 روپے مقرر کی گئی ہے۔ وفاقی افسران کی فیس اسٹیبلشمنٹ ڈویژن جبکہ صوبائی افسران کی فیس متعلقہ صوبائی حکومتیں ادا کریں گی۔

مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق منتخب افسران کو لازمی طور پر تربیت کے لیے ریلیو کیا جائے گا اور دورانِ تربیت دفاتر میں حاضری کی اجازت نہیں ہوگی۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے واضح کیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں محکمانہ کارروائی کی جا سکتی ہے، جبکہ لازمی تربیت میں تین مرتبہ عدم شرکت پر افسر کو ترقی کے لیے سپرسیڈ کرنے کی سفارش بھی کی جا سکے گی۔

Scroll to Top