مہنگائی کا نیا وار!اوپن مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں

مہنگائی کا نیا وار!اوپن مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں

عوام کیلئے مہنگائی کا ایک اور امتحان، گھی، چینی اور چاول کی قیمتیں بدستور زیادہ، روزمرہ استعمال کی اشیا خریدنا شہریوں کے لیے مشکل ہوتا جا رہا ہے

میڈیا رپورٹس کے مطابق اوپن مارکیٹ میں بنیادی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی نہ آسکی، جس کے باعث کم آمدنی والے طبقے کو اب بھی ریلیف کا انتظار ہے۔ گھی، کوکنگ آئل، چاول، گرم مصالحہ جات اور دیگر ضروری اشیا کی بڑھتی قیمتوں نے شہریوں کے لیے گھریلو بجٹ چلانا مشکل بنا دیا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق لاہور کی اوپن مارکیٹ میں گھی کی مختلف اقسام 490 سے 610 روپے فی کلوگرام تک فروخت ہو رہی ہیں، جبکہ چینی کی قیمت بھی بلند سطح پر برقرار ہے۔ عام چینی تقریباً 160 روپے فی کلوگرام جبکہ پیکنگ والی چینی 190 روپے فی کلوگرام میں دستیاب ہے۔

اسی طرح چاول کی قیمتوں میں بھی نمایاں فرق دیکھا جا رہا ہے، جہاں مختلف اقسام کے چاول 320 سے 640 روپے فی کلوگرام تک فروخت کیے جا رہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتیں مسلسل زیادہ ہونے کے باعث مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے ضروری اشیائے خورونوش خریدنا دشوار ہوتا جا رہا ہے۔

دوسری جانب مارکیٹ سے وابستہ افراد کے مطابق اشیائے ضروریہ کی قیمتیں طلب و رسد، پیداواری لاگت اور دیگر معاشی عوامل کے باعث متاثر ہوتی ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بنیادی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

Scroll to Top