فتنہ الخوارج کے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا،آئی جی بلوچستان کا شعبان آپریشن کے محاذ کے دورے کے دوران گفتگو

انسپکٹر جنرل (آئی جی) بلوچستان پولیس محمد طاہر نے ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت کے ہمراہ شعبان آپریشن کے محاذ کا اہم دورہ کیا اور فرنٹ لائن پر دادِ شجاعت دینے والے پولیس جوانوں سے ملاقات کی۔

اس موقع پر انہوں نے جوانوں کی بہادری اور لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، ان کا حوصلہ بڑھایا اور آپریشن میں مزید کامیابی کے لیے دعا کی۔

محاذ پر میڈیا اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی بلوچستان پولیس محمد طاہر نے دوٹوک عزم ظاہر کیا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائیاں جاری ہیں اور ملک کے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ آپریشن پوری قوت سے جاری رہے گا۔

انہوں نے واضح اعلان کیا کہ صوبے کے امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور امن دشمن عناصر کو ہر قیمت پر عبرت ناک شکست دی جائے گی۔

آئی جی بلوچستان نے شہدائے پولیس کی عظیم قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے پولیس شہداء پر فخر ہے اور ان کا بہایا گیا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کٹھن حالات میں بھی فرنٹ لائن پر ڈٹے ہوئے جوانوں کے بلند حوصلے کو سلام پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں : ضلع ہنگو میں ایف سی قلعے پر قبضے کا دعویٰ جھوٹا اور گمراہ کن نکلا

انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی مسلسل پیش قدمی جاری ہے جس کی بدولت بلوچستان میں امن کے دشمنوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا گیا ہے۔ صوبے کے امن کو سبوتاژ کرنے والوں کے لیے اب کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور جب تک آخری فتنے کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، یہ امن مشن پوری طاقت کے ساتھ آگے بڑھتا رہے گا۔

Scroll to Top