پشاور ،نئی بسیں تیار، مگر بجلی کی رکاوٹ آڑے آگئی،اہم منصوبہ تعطل کا شکار

Pakistan SCO Summit 2026

پشاور میں مال آف حیات آباد بی آر ٹی بس ڈپو کو بجلی کی فراہمی میں تاخیر کے باعث نئی بسوں کے آپریشن کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ نے معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پیسکو حکام کو ہنگامی مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے چیف ایگزیکٹو پیسکو کو لکھے گئے خط میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر ڈپو کو فوری طور پر بجلی فراہم نہ کی گئی تو ٹرانس پشاور کے بی آر ٹی فلیٹ میں شامل ہونے والی نئی بسوں کی پارکنگ، فیولنگ، چارجنگ اور دیکھ بھال کا عمل شدید متاثر ہو سکتا ہے۔

حکام کے مطابق ڈپو کو فعال نہ کیے جانے کی صورت میں نئی بسوں کے مکمل آپریشن میں مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں، جس سے بی آر ٹی سروس کی توسیع کا منصوبہ بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت پیسکو کی ٹیکنیکل کمیٹی کی جانب سے دی گئی تمام تکنیکی شرائط اور نقائص کو مکمل کر چکی ہے۔ اس حوالے سے پیسکو حکام کو متعدد بار معائنے اور فالو اپس کی درخواستیں بھی کی گئیں، تاہم تمام ضروری تقاضے پورے ہونے کے باوجود تاحال ڈپو کو بجلی فراہم نہیں کی جا سکی۔

حکام نے پیسکو سے مطالبہ کیا ہے کہ اہم عوامی منصوبے کو فعال بنانے کے لیے بجلی کی فراہمی کا عمل فوری مکمل کیا جائے تاکہ نئی بسوں کا آپریشن بروقت شروع کیا جا سکے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top