خیبرپختونخوا کے 23 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن کا 15 روز بعد دوبارہ مشاورتی اجلاس بلانے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا کے 23 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن کا 15 روز بعد دوبارہ مشاورتی اجلاس بلانے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا کے 23 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کے معاملے پر 15 روز بعد دوبارہ مشاورتی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں الیکشن کمیشن کے اراکین، سیکرٹری الیکشن کمیشن، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں حکام کو بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن ان 23 اضلاع میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کر چکا ہے اس لیے بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کا تعین اب ناگزیر ہو چکا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 140 اے کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ایک آئینی تقاضا ہےجبکہ الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219(4) کے مطابق بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے کے 120 روز کے اندر انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی قانونی ذمہ داری ہے۔

اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی اداروں کی مدت بالترتیب 14 مارچ اور 19 جون 2026 کو ختم ہو چکی ہےجبکہ الیکشن کمیشن انتخابات کے انعقاد کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کر چکا ہے۔

حکام نے مزید بتایا کہ الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219(3) اور خیبرپختونخوا لوکل کونسلز (کنڈکٹ آف الیکشنز) رولز 2021 کے تحت انتخابات کی تاریخ کے تعین کے لیے صوبائی حکومت سے مشاورت جاری ہے۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے 8 جولائی 2026 کو بھیجا گیا مشاورتی خط فوری طور پر صوبائی کابینہ کو ارسال کر دیا گیا ہے اور صوبائی حکومت انتخابات کے انعقاد کے لیے ہر ممکن انتظامی تعاون فراہم کرنے اور ضروری انتظامات کرنے کے لیے تیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا کے معذور سرکاری ملازمین کے لیےبڑی خوشخبری

اجلاس کے اختتام پر الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری سے متعلقہ سمری کی نقل فراہم کرنے کی درخواست کی اور فیصلہ کیا کہ خیبرپختونخوا کے 23 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کے تعین کے لیے 15 روز بعد دوبارہ مشاورتی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔

Scroll to Top