ڈیلس: فیفا ورلڈکپ 2026 کے پہلے سیمی فائنل میں اسپین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرانس کو 0-2 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آرلنگٹن میں کھیلے گئے اہم مقابلے میں اسپین نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور فرانس کو دباؤ میں رکھا۔ اسپین کی جانب سے میکل اویارزابال نے کھیل کے 24ویں منٹ میں پنالٹی پر گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔
دوسرے ہاف میں اسپین نے اپنی برتری مزید مستحکم کی، پیڈرو پورو نے 58ویں منٹ میں گول اسکور کرکے فرانس کی واپسی کی امیدیں ختم کر دیں۔
فرانس کی ٹیم، جسے ٹورنامنٹ کی مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا تھا، اسپین کے منظم دفاع اور مؤثر حکمت عملی کے سامنے بے بس نظر آئی۔ اسپین کے گول کیپر اور دفاعی کھلاڑیوں نے بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرانسیسی کھلاڑیوں کو گول کرنے کا کوئی موقع نہ دیا۔
یہ بھی پڑھیں : اسپین نے بیلجیئم کا سفر تمام کر دیا، سیمی فائنل میں دھواں دار انٹری
اس کامیابی کے ساتھ اسپین 16 سال بعد ایک بار پھر ورلڈکپ فائنل میں پہنچ گیا ہے۔ اس سے قبل اسپین نے 2010 میں فٹبال ورلڈکپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
فیفا ورلڈکپ 2026 کا دوسرا سیمی فائنل ارجنٹینا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، جس کی فاتح ٹیم فائنل میں اسپین کا مقابلہ کرے گی، جبکہ فرانس تیسری پوزیشن کے میچ میں حصہ لے گا۔





