وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا رات گئے اچانک تھانے کا دورہ، حوالاتیوں سے ملاقات اور مسائل دریافت

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا رات گئے اچانک تھانے کا دورہ، حوالاتیوں سے ملاقات اور مسائل دریافت

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے رات گئے بغیر کسی پروٹوکول کے پشاور کے تھانہ یونیورسٹی ٹاؤن کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے تھانے کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے حوالات میں موجود افراد سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کیے۔ انہوں نے تھانے میں تعینات پولیس اہلکاروں سے بھی گفتگو کی اور ان کے پیشہ ورانہ امور، ڈیوٹی کے حالات اور درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کی۔

سہیل آفریدی نے اس موقع پر کہا کہ تھانہ عوام کے لیے انصاف اور تحفظ کی پہلی دہلیز ہے، اس لیے ہر شہری کو عزت، سہولت اور فوری رسائی فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زیرِ حراست افراد کے ساتھ قانون، آئین اور انسانی وقار کے مطابق برتاؤ یقینی بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ تھانے آنے والے ہر شہری کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے، شکایات کو توجہ سے سنا جائے اور فوری و مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ شفاف، باوقار اور بلاامتیاز انصاف کی فراہمی ریاستی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ کمزور اور بے سہارا افراد کے حقوق کا تحفظ اور مساوی انصاف ریاست کی اصل طاقت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت عوام دوست، جوابدہ اور خدمت پر مبنی پولیسنگ کے فروغ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔

Scroll to Top